Wednesday, November 26, 2014

Secrecy of Adnan Sami smartness

’میں نے 165 کلو وزن کم کیا‘

  • 25 نومبر 2014
پاکستانی شہری عدنان سمیع گذشتہ 15 برسوں سے بھارت میں رہ رہے ہیں

دنیا کے سب سے تیز پیانو نواز ہونے کی شہرت رکھنے والے پاکستانی گلوکار عدنان سمیع اکثر شہ سرخیوں میں رہتے ہیں۔

بی بی سی سے ایک خصوصی ملاقات کے دوران عدنان نے موسیقی کے سفر، ازدواجی زندگی اور 165 کلو وزن کم کرنے کے ساتھ نئی زندگی کا آغاز کرنے پر کھل کے بات کی۔

عدنان سمیع کے ساتھ ایک تنومند شخص کا تصور منسلک ہے، لیکن اب وہ اپنے کم وزن کے سبب لوگوں کو حیران کر دیتے ہیں۔

انھوں نے اس بارے میں بتایا: ’میں نے 165 کلو وزن کم کیا ہے۔ بہت لوگوں کو یہ لگتا ہے کہ میں نے وزن ڈاکٹروں کے تعاون سے کم کیا ہے اور اس سے بھی کمال کی بات تو یہ ہے کہ بہت سے ڈاکٹر جنھیں میں جانتا بھی نہیں اس بات کا کریڈٹ لینے لگے ہیں اور ان میں سے بعض تو اس کا اشتہار بھی دینے لگے ہیں۔‘

انھوں نے مزید کہا: ’حقیقت یہ ہے کہ میں نے ایک ہائی پروٹین خوراک کے نظام کو اپنایا جس کے تحت میں ہر قسم کے پروٹین کھا سکتا تھا، شرط صرف اتنی تھی کہ وہ بغیر تیل کے ہوں۔‘

عدنان اپنی شریک حیات رویا کو اوپر والے کا عطیہ تسلیم کرتے ہیں

عدنان کا کہنا ہے کہ وزن کم کرنے کے بعد ان کی زندگی میں کئی تبدیلیاں آئیں جن میں ان کے لیے سب سے خوشگوار فلم کی پیشکش تھی۔

انھوں نے بتایا: ’وزن کم ہونے کے بعد بہت ساری ایسی چیزیں ہونے لگیں جس کا مجھے پہلے سے قطعی اندازہ نہیں تھا۔ ان میں سے ایک اداکاری کی پیشکش بھی تھی۔ میں نے یہ طے کیا تھا کہ میں وہی فلم کروں گا جو مجھے چیلنج کرے۔‘

واضح رہے کہ عدنان بہت جلد ایک فلم میں آ رہے ہیں۔ انھوں نے کہا: ’میں نے ایک سکرپٹ پسند کیا ہے اور سنہ 2015 کے شروع میں شاید یہ فلم فلور پر جائے گی۔ یہ ایک فن فلم ہوگی اور میرا کردار نان ميوزیكل ہوگا۔‘

عدنان سمیع گذشتہ 15 سالوں سے بھارت میں رہ رہے ہیں لیکن پاکستانی شہری ہونے کے باعث وہ وہاں کسی پریشانی سے انکار کرتے ہیں: ’میں یہاں انتہائی خوشی اور محبت سے رہ رہا ہوں اور یہ حقیقت ہے کہ ہندوستان میں مجھے کبھی کوئی دقت نہیں ہوئی۔‘

عدنان نے ایک مدت کے بعد پس پردہ گلوکاری کے میدان میں دوبارہ قدم رکھا ہے

عدنان اپنی موجودہ شریک حیات رویا کی تعریف کرتے نہیں تھکتے: ’زندگی میں ضرور میں نے ایک کام اچھا کیا ہوگا کہ اوپر والے نے مجھے اتنا بڑا انعام دیا ہے اور وہ ہے رویا۔ وہ ایک فرشتے کی طرح میری زندگی میں آئی اور جس انداز سے اس نے مجھے سمیٹا ہے وہ شاید کوئی اور نہ کر پاتا۔‘

عدنان نے ایک مدت کے بعد فلم ’كِل دل‘ کے گانے ’سويٹا‘ سے پس پردہ گلوکاری کے میدان میں دوبارہ قدم رکھا ہے۔

اس سے قبل انھوں نے معروف نغمہ نگار گلزار کے ساتھ شاد علی ہی کی فلم ’ساتھيا‘ کا ٹائٹل گیت گایا تھا۔

Courtesy: BBC Urdu

No comments:

Post a Comment