عبداللہ فاروقی
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد
پاکستان ہاکی فیڈریشن نے تصدیق کی ہے کہ انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن نے بھارت کے خلاف جیت کے بعد شرٹس اتار کر جشن منانے پر پاکستان کے دو کھلاڑیوں پر ایک میچ کی پابندی عائد کر دی ہے۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری رانا مجاہد نے بی بی سی اردو سے بات کرتے ہوئے کہا کہ توثیق احمد اور امجد علی پر ایک میچ کی پابندی عائد کی گئی ہے جس کے باعث یہ دونوں کھلاڑی جرمنی کے خلاف آج کا فائنل نہیں کھیل سکیں گے۔
انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن نے تیسرے کھلاڑی شفقت رسول کو وارننگ بھی دی ہے۔
انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن نے پاکستانی کھلاڑیوں پر یہ پابندی جرمنی کے خلاف فائنل سے چند گھنٹے قبل لگائی ہے۔
جیت کا جشن مناتے ہوئے چند پاکستانی کھلاڑیوں نے اپنی شرٹس اتاریں اور سٹیڈیم میں موجود بھارتی شائقین کے سامنے فتح کا جشن مناتے ہوئے نازیبا اشارے بھی کیے۔
امجد علی پاکستانی ٹیم کے گول کیپر ہیں جبکہ شفقت رسول نائب کپتان ہیں۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری رانا مجاہد نے کہا کہ اِس معاملے کو ’خوامخواہ کا تنازع‘ بنا دیا ہے۔
’پوری ٹیم فیڈریشن آف انٹرنیشنل ہاکی کی انتظامیہ کے سامنے پیش ہوئی اور اُنھوں نے تین کھلاڑیوں میں سے دو کھلاڑیوں پر ایک ایک میچ کی پابندی لگائی جبکہ ایک کھلاڑی کو متنبہ کیا ہے۔‘
رانا محاہد نے کہا ’میں سمجھتا ہوں کہ کھلاڑیوں نے صرف اپنے جوش و خروش کا مظاہرہ کیا تھا مگر ہم پھر بھی اُن کے فیصلے کو تسلیم کرتے ہیں اور اُمید ہے کہ انڈیا کا رویہ اب ٹھیک ہو جائے گا کیونکہ وہ جیسا چاہتے تھے وہ ہو گیا ہے۔‘
واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستانی ہاکی ٹیم کے کوچ شہناز شیخ نے ایف آئی ایچ کو ایک خط لکھا جس میں پاکستانی کھلاڑیوں کے رویہ پر معذرت کی۔
کیاہاکی میں کرکٹ کی طرح قوانین موجود ہیں جن کی رو سے یہ پابندی لگائی جا سکتی ہے کے سوال پر رانا محاہد نے کہا کہ میچ کے بعد چالیس سیکنڈز تک خوشی منانے کی اجازت ہے اور اگر اُس کے دوران کسی بات سے کسی کی دل آزاری ہوئی ہے تو پھر بھی کسی پابندی کا جواز نہیں بنتا۔
رانا مجاہد کے بتایا کہ پاکستانی ہاکی ٹیم کی انتظامیہ نے باقائدہ غیر مشروط معافی نامہ ایف آئی ایچ کی انتظامیہ کو جمع کرایا تھا لیکن اُنہوں نے اُسے قبول نہیں کیا اور پھر بھی یہ پابندی لگائی جسے پاکستانی ٹیم تسلیم کرتی ہے۔
’یہ ہماری عظمت ہے۔ آپ کو پتا ہے کہ پاکستانی قوم ایک کھلے دل کی مالک ہے۔ ایک قابلِ احترام قوم ہے۔ یہ کبھی بھی ایسی چیزوں کو اہمیت نہیں دیتی اور نہ ہم ملکوں کے تعلقات خراب کرنا چاہتے ہیں بلکہ ہم تعلقات اچھے بنانا چاہتے ہیں۔‘
رانا مجاہد نے بتایا کہ پابندی کی زد میں آنے والے دو کھلاڑیوں کے آج کے میچ میں نہ ہونے سے ٹیم کی کارکردگی پر برا اثر پڑے گا۔ اُنہوں نے کہا کہ توثیق احمد نئے کھلاڑیوں میں ایشیا کے اچھے کھلاڑیوں میں سے ایک تھے جن پر پابندی لگی ہے۔
No comments:
Post a Comment